اسلام آباد/اسکردو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی اسکردو روانگی کے معاملے پر ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے۔ پارٹی کی گلگت بلتستان قیادت نے قومی ایئرلائن پر الزام عائد کیا ہے کہ پرواز مقررہ وقت سے پہلے روانہ کر دی گئی، جس کے باعث بلاول بھٹو اسکردو میں منعقدہ اہم عوامی جلسے میں شرکت نہ کر سکے۔
پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر نے دعویٰ کیا کہ جلسے کے تمام انتظامات مکمل تھے اور کارکنان بڑی تعداد میں اپنے قائد کے استقبال کے لیے موجود تھے، تاہم پرواز وقت سے پہلے روانہ ہونے کی وجہ سے بلاول بھٹو اسکردو نہیں پہنچ سکے۔
انہوں نے اس واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ محض انتظامی غفلت بھی ہو سکتا ہے یا پھر اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔
ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں موجود کارکنان کو بلاول بھٹو کی عدم آمد کی اطلاع دی گئی جس کے بعد پارٹی قیادت نے متبادل انتظامات پر غور شروع کر دیا۔ اطلاعات ہیں کہ ویڈیو لنک یا دیگر ذرائع سے خطاب کے امکانات بھی زیر غور آئے تاکہ کارکنان سے رابطہ برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب قومی ایئرلائن کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی تفصیلی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔