لاہور / اسلام آباد: ملک بھر میں محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم محرم الحرام 17 جون کو ہوگی جبکہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ منایا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بادشاہی مسجد لاہور میں چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں زونل کمیٹیوں کے نمائندگان اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا یکم محرم 17 جون کو ہوگی۔
دوسری جانب یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ ہوگا، جس کے لیے ملک بھر میں سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات اور اسپارکوکی پیشگوئی بھی اس فیصلے سے مطابقت رکھتی تھی۔ اسپارکو کے مطابق 15 جون کو نئے چاند کی پیدائش صبح 7 بج کر 54 منٹ پر ہوئی تھی، تاہم غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے 50 منٹ تھی، جو رویت کے لیے ناکافی سمجھی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقفہ تقریباً 40 منٹ رہا، جو چاند نظر آنے کے امکانات کو مزید کم کرتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق 15 جون کو چاند کے نظر آنے کے امکانات انتہائی کم تھے، جس کی بنیاد پر قبل از وقت پیشگوئی بھی کی گئی تھی کہ چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔
ملک بھر میں محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی سکیورٹی پلان اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات پر بھی مشاورت شروع ہو گئی ہے تاکہ مذہبی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد کی جا سکیں۔