وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق جولائی 2025 سے مئی 2026 تک ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 529 ارب 81 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
اسلام آباد سے جاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 391 ارب روپے خرچ کیے گئے، جبکہ کابینہ ڈویژن کے تحت اراکین پارلیمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 44 ارب 20 کروڑ روپے استعمال کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سمیت مختلف کارپوریشنز کے منصوبوں پر 138 ارب 80 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ وزارت دفاع کے ترقیاتی منصوبوں پر 4 ارب 79 کروڑ روپے جبکہ وزارت دفاعی پیداوار کے منصوبوں پر 80 کروڑ 41 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق صوبوں اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 153 ارب 86 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے منصوبوں پر 27 ارب 78 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ واٹر ریسورسز ڈویژن کے منصوبوں کے لیے 69 ارب 88 کروڑ روپے مختص فنڈز استعمال ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ترقیاتی اخراجات کا مقصد ملک بھر میں انفراسٹرکچر، تعلیم، آبی وسائل اور دیگر اہم شعبوں میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔