عالمی میڈیا کی تاریخ میں نئی جہت متعارف کرانے والے سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کے بعد دنیا بھر میں صحافتی حلقے سوگوار ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ٹرنر انٹرپرائزز کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی وفات کی تصدیق کی، تاہم فوری طور پر موت کی وجہ سامنے نہیں لائی گئی۔
ٹیڈ ٹرنر کو جدید نشریاتی صحافت کی ایک انقلابی شخصیت تصور کیا جاتا تھا۔ انہوں نے 1980 میں دنیا کا پہلا 24 گھنٹے خبروں پر مبنی ٹی وی چینل سی این این قائم کیا، جس نے عالمی میڈیا کے انداز اور رفتار کو بدل کر رکھ دیا۔
اپنے منفرد مزاج اور جرات مندانہ فیصلوں کی وجہ سے وہ میڈیا انڈسٹری میں غیر معمولی مقام رکھتے تھے۔ انہیں مختلف حلقوں میں “کیپٹن آؤٹریجس”، “ماؤتھ آف دی ساؤتھ” اور “ٹیریبل ٹیڈ” جیسے القابات سے بھی یاد کیا جاتا رہا۔
میڈیا کے علاوہ ٹیڈ ٹرنر کھیلوں، ماحولیات کے تحفظ اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی بھرپور کردار ادا کرتے رہے، جبکہ ان کی سماجی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
2018 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ لیوی باڈی ڈیمنشیا نامی اعصابی بیماری میں مبتلا ہیں، جو وقت کے ساتھ ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو متاثر کرتی ہے۔
ٹیڈ ٹرنر کی وفات کو عالمی صحافت میں ایک بڑے دور کے خاتمے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور دنیا بھر کے صحافی، میڈیا ادارے اور اہم شخصیات انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہیں۔