لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں طالبات کو ہراساں کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں موٹر سائیکل سوار ایک شخص نے مین روڈ پر دو طالبات کو نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر گلی تک ان کا تعاقب کرتے ہوئے چھیڑ خانی کی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس میں ملزم کا چہرہ اور موٹر سائیکل واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش سی سی ڈی اور پولیس مشترکہ طور پر کر رہی ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی شناخت کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ متاثرہ طالبہ کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں اور چھاپے جاری ہیں۔
پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ ملزم جلد قانون کی گرفت میں ہوگا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔