معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشنِ فتح کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں عوام، طلبہ اور مختلف اداروں کی جانب سے قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں اسلامیہ کالج پشاور میں پاک فوج اور کالج انتظامیہ کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا، جسے اساتذہ اور طلبہ نے بڑے جوش و خروش سے دیکھا۔
گراؤنڈ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، جبکہ کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر شرکاء نے بھرپور داد دی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
منتظمین کے مطابق اس میچ کا مقصد معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر جشن منانے کے ساتھ ساتھ طلبہ اور پاک فوج کے درمیان تعلقات اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
دوسری جانب پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں بھی جشنِ فتح کی رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں طلبہ نے پاک فوج کے ہمراہ پرچم کشائی کی، ملی نغمے پیش کیے اور ٹیبلوز کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
ان تقریبات میں ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ پاک فوج کی جانب سے طلبہ کے جذبے اور حب الوطنی کو سراہا گیا۔
طلبہ نے معرکہ حق کی کامیابی پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پرجوش نعرے بھی لگائے، جس سے فضا قومی جوش و جذبے سے بھر گئی۔