چینی کمپنی کا بڑے صنعتی منصوبے کا اعلان
اسلام آباد میں چینی کمپنی نے پاکستان میں ایک بڑے صنعتی منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں 20 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
یہ پیشرفت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی چینی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران سامنے آئی، جس میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے میں وسیع سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برآمدات میں بڑے اضافے کی توقع
ذرائع کے مطابق اس منصوبے سے سالانہ 400 سے 500 ملین ڈالر تک کی برآمدات متوقع ہیں، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کیلئے آسان کاروباری ماحول (Ease of Doing Business) فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ صنعتی لاگت کم کی جا سکے اور زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک
وزیر تجارت کے مطابق پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت اور ہنر مند افرادی قوت کی بدولت عالمی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔
چینی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستانی افرادی قوت اور صنعتی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔