امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد اچانک لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، جب قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، جس کے بعد امریکی خفیہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نارتھ لان میں موجود صحافیوں کو اندر منتقل کیا اور پورے علاقے کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا، حکام کے مطابق واقعہ 15ویں اسٹریٹ اور انڈیپنڈنس ایونیو کے قریب پیش آیا جو وائٹ ہاؤس سے چند بلاکس کے فاصلے پر نیشنل مال کے قریب ہے، سیکیورٹی اداروں نے بتایا کہ فائرنگ میں ایک شخص کو اہلکار نے گولی ماری تاہم اس کی حالت واضح نہیں ہو سکی جبکہ وائٹ ہاؤس کے اندر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، واقعے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا مگر بعد میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے ایسٹ روم میں شیڈول تقریب میں تقریباً 45 منٹ تاخیر سے شرکت کی اور میٹروپولیٹن پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں کیونکہ کئی سڑکیں عارضی طور پر بند رہ سکتی ہیں۔