چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے چینی صدر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا ممکنہ دورہ چین انتہائی اہم ہوگا۔ وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی طاقت کو بڑی حد تک تباہ کر دیا گیا ہے اور اب اس کے پاس نہ مؤثر بحریہ ہے، نہ فضائیہ اور نہ ہی جدید ریڈار سسٹم، اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ امریکہ اس حوالے سے بہت اچھا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ سمندر میں 159 ایرانی جہاز ڈبو دیے گئے ہیں تاہم واضح کیا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کے حامی نہیں اور انہیں جنگیں پسند نہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا جبکہ امید ظاہر کی کہ ایران سے متعلق تنازع ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے داخلی معاملات پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ٹیرف سے متعلق فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے بیکار فیصلہ قرار دیا، اور کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ٹیرف کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے تاہم محصول بدستور وصول کیا جا رہا ہے۔