امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے حوالے سے مثبت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم اور شاندار ملک ہے، جبکہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی انتہائی قابل احترام شخصیات ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور ایران سے متعلق جاری کشیدگی پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو امریکی بحری جہازوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی جہازوں پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے، جس کے بعد خطے میں صورتحال مزید کشیدہ ہوئی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی پہلی حکومت ختم ہو چکی ہے جبکہ دوسری حکومت تقریباً غیر مؤثر ہو گئی ہے، اور اب امریکا ایک نئی قیادت کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جلد کسی نہ کسی معاہدے پر دستخط کر دے گا کیونکہ امریکا ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔