امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی افواج نے 29 مئی کو خلیجِ عمان میں بحری ناکہ بندی پر عملدرآمد کے دوران ایک ایسے تجارتی جہاز کو ناکارہ بنا دیا جو ایران کی جانب جا رہا تھا۔
بیان کے مطابق ایم وی لاین اسٹار نامی جہاز بین الاقوامی سمندری حدود میں ایران کی طرف پیش قدمی کر رہا تھا۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ جہاز کو 20 سے زائد مرتبہ وارننگ دی گئی اور عملے کو آگاہ کیا گیا کہ وہ امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
امریکی کمانڈ کے مطابق جہاز کے عملے نے ہدایات پر عمل نہ کیا، جس کے بعد ایک امریکی طیارے نے جہاز کے انجن روم کو ہدف بناتے ہوئے ہیل فائر میزائل داغا، جس سے جہاز ناکارہ ہو گیا۔
سینٹکام نے مزید دعویٰ کیا کہ بحری ناکہ بندی پر سختی سے عملدرآمد کے لیے اب تک پانچ تجارتی جہازوں کو تباہ کیا جا چکا ہے جبکہ 116 جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم سمندری نقل و حمل کی نگرانی اور نافذ کردہ پابندیوں پر عملدرآمد جاری ہے۔
تاہم اس دعوے کے حوالے سے فوری طور پر کسی آزاد یا غیر جانبدار ذریعے سے تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے بھی فوری ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔