چکوال: سی سی ڈی اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے 9 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ متاثرہ بچی کے زخمی والد کا بیان خصوصی تفتیشی ٹیم نے بینظیر بھٹو اسپتال میں قلمبند کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران فائرنگ کرنے والے اہلکار کی تھانہ سی سی ڈی میں حاضری ریکارڈ بھی چیک کی گئی، جبکہ اس سے متعلق سرکاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ اہلکار کو ابتدائی تفتیش کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
عدالتی کارروائی کے مطابق علاقہ مجسٹریٹ نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا اور عدالت نے 26 جون کو مقدمے کا چالان طلب کر لیا ہے۔ واقعے کی جگہ سے ملنے والے گولیوں کے خول فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مبینہ طور پر ڈکیتی میں ملوث دو افراد پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے جن کی شناخت محمد فیاض اور محمد عباس کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
تفتیشی اداروں کے مطابق تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔