80 برس کے ڈونلڈ ٹرمپ: کاروبار، شہرت، سیاست اور تنازعات سے بھرپور زندگی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون کو 80 برس کے ہوگئے ہیں۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک بار پھر ان کی غیرمعمولی زندگی، کاروباری کامیابیاں، سیاسی سفر اور تنازعات عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا شمار امریکی تاریخ کی سب سے نمایاں، متنازع اور بااثر شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ کاروبار، میڈیا، ٹیلی ویژن، کھیل اور سیاست سمیت کئی شعبوں میں اپنی منفرد شناخت بنا چکے ہیں۔ اگر وہ اپنی موجودہ صدارتی مدت مکمل کرتے ہیں تو امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر بن جائیں گے۔
جون 1946 میں نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیدا ہونے والے ٹرمپ نے یونیورسٹی آف پنسلوینیا سے معاشیات کی تعلیم حاصل کی اور 1971 میں اپنے والد فریڈ ٹرمپ کے کاروبار کی ذمہ داری سنبھال لی۔ بعد ازاں انہوں نے کمپنی کا نام ٹرمپ آرگنائزیشن رکھا اور نیویارک میں مشہور ٹرمپ ٹاور سمیت متعدد بڑے منصوبوں کے ذریعے کاروباری دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
ان کی معروف کتاب "دی آرٹ آف دی ڈیل" کاروباری دنیا میں ایک اہم حوالہ سمجھی جاتی ہے، جبکہ کئی بار مالی مشکلات اور دیوالیہ پن کا سامنا کرنے کے باوجود وہ دوبارہ کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر ابھرے۔
کاروبار کے بعد ٹرمپ نے شوبز اور میڈیا میں بھی قدم رکھا۔ انہوں نے حسن کے عالمی مقابلوں کے حقوق حاصل کیے، فلموں اور ٹی وی شوز میں مختصر کردار ادا کیے اور مشہور ریئلٹی شو "دی اپرینٹس" کے میزبان بنے۔ اسی پروگرام نے انہیں عالمی شہرت دلائی اور ان کا جملہ "You're Fired" دنیا بھر میں مقبول ہوا۔
ٹرمپ کھیلوں خصوصاً گالف اور ریسلنگ میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ متعدد لگژری گالف کلبز کے مالک ہیں اور WWE ہال آف فیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
سیاسی میدان میں انہوں نے 2015 میں باقاعدہ انٹری دی اور 2016 کے صدارتی انتخابات میں تمام اندازوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر امریکا کے 45ویں صدر منتخب ہوئے۔ ان کی صدارت تنازعات، مواخذوں اور سیاسی کشمکش سے بھرپور رہی، تاہم دونوں مواخذوں میں سینیٹ نے انہیں بری کر دیا۔
2020 کے انتخابات میں جو بائیڈن سے شکست کے بعد بھی ٹرمپ سیاسی منظرنامے سے غائب نہ ہوئے اور 2024 کے انتخابات میں دوبارہ کامیابی حاصل کرکے دوسری مرتبہ وائٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
ٹرمپ کی ذاتی زندگی بھی ہمیشہ خبروں میں رہی۔ انہوں نے تین شادیاں کیں اور ان کے پانچ بچے ہیں۔ ان کی موجودہ اہلیہ میلانیا ٹرمپ امریکا کی خاتونِ اول ہیں جبکہ ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ بھی عوامی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔
80 برس کی عمر میں بھی ٹرمپ سیاسی مباحث، میڈیا کوریج اور عوامی توجہ کے محور ہیں۔ ان کے حامی انہیں غیرمعمولی کامیابی اور مضبوط قیادت کی علامت قرار دیتے ہیں جبکہ ناقدین انہیں امریکی تاریخ کی سب سے متنازع شخصیات میں شمار کرتے ہیں۔