بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، جس کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز حلقوں اور مداحوں میں گہرے صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اپنے آبائی گھر میں مردہ پائی گئیں، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حکام مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ اصل وجہ سامنے آ سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے اور اہلِ خانہ کے بیان بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
سنچیتا اوگلے بھارتی ٹیلی ویژن کی ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی تھیں اور وہ کئی مقبول ڈراموں اور فلمی منصوبوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں۔
ان کی اچانک وفات پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شوبز انڈسٹری اس واقعے کو ایک بڑا نقصان قرار دے رہی ہے۔