ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایران کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔
تہران میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اس عمل میں کامیاب ہو کر ابھرا ہے اور یہ معاہدہ خطے کی مزاحمتی قوتوں کے عزم اور وقار کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق معاہدے کے ایک انتہائی مختصر حصے میں معمولی اختلاف موجود ہے، تاہم مجموعی طور پر یہ ایران کے قومی مفادات کے مطابق ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل کا ردعمل بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایم او یو کئی ماہ پر محیط مذاکرات اور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، اور اگر اس پر مکمل عملدرآمد ہوا تو یہ ایران کے لیے باعثِ فخر دستاویز ثابت ہوگی۔
انہوں نے معاہدے میں کردار ادا کرنے والی سیاسی و سفارتی قیادت خصوصاً وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر حکام کی کوششوں کو سراہا۔