کراچی: پولیس مقابلوں میں 4 مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے ساتھ دو الگ الگ مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب صائمہ اپارٹمنٹ کے نزدیک پیش آیا جہاں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس مقابلے میں تین مبینہ ڈاکو زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 27 سالہ مہر بن ولد موراد، 26 سالہ صدام ولد عبدالرزاق اور 40 سالہ سجاد ولد محمد بچل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسرا واقعہ لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں پولیس اور ملزمان کے درمیان ایک اور مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔
زخمی شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت 21 سالہ عارف علی ولد خادم حسین کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔