کویت کے فضائی اڈے پر مبینہ میزائل حملہ، امریکی اہلکار زخمی اور ڈرونز کو نقصان
امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق ایران کی جانب سے ایک بیلسٹک میزائل حملے میں کویت کے ایک فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی اہلکار معمولی زخمی ہوگئے جبکہ دو MQ-9 ریپر ڈرونز کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ میں نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کویتی فضائی دفاعی نظام نے فتح 110 میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، تاہم اس کے ملبے کے باعث علی السالم ایئر بیس کو جزوی نقصان پہنچا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب میں ایک امریکی اڈے کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اس مقام کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی تھیں۔
دوسری جانب کویت نے بھی حالیہ ڈرون اور میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آیا، جبکہ خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔