پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ جون 2026 میں بجلی صارفین کو فی یونٹ 20 پیسے کا خالص ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ یہ ریلیف ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ (+1.73 روپے فی یونٹ) اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (-1.93 روپے فی یونٹ) کے درمیان توازن کے بعد سامنے آیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق جون 2026 میں بجلی کے نرخ جنوری تا مئی 2026 کی سطح پر ہی برقرار رہیں گے اور صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
حکومت نے وضاحت کی ہے کہ عالمی توانائی منڈی میں جغرافیائی کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں 70 ڈالر سے بڑھ کر 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی تھیں، لیکن بروقت اقدامات سے صارفین کو بڑے اضافی اخراجات سے بچا لیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ لوڈ مینجمنٹ، مقامی گیس اور فرنس آئل کے بہتر استعمال، اور لائن لاسز میں کمی کے ذریعے توانائی بحران پر قابو پایا گیا، جس سے صارفین کو تقریباً 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچت ملی۔
اسی طرح سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.93 روپے فی یونٹ کمی کے باعث مجموعی ریلیف تقریباً 65 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ لائن لاسز میں بہتری اور بجلی کی طلب میں اضافہ بھی صارفین کے حق میں رہا، جس سے مجموعی طور پر بجلی نرخ مستحکم رکھنے میں مدد ملی۔
پاور ڈویژن کے مطابق تمام اقدامات کا مقصد عالمی اور علاقائی دباؤ کے باوجود بجلی کے نرخوں کو مستحکم رکھنا اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔