عید الاضحیٰ کے موقع پر نہروں، دریاؤں اور آبی گزرگاہوں میں نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق سرگودھا میں گزشتہ تین روز کے دوران نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 59 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے کی جا رہی ہیں، کیونکہ عید کی تعطیلات کے دوران نہروں اور دریاؤں میں نہانے کے باعث ڈوبنے کے واقعات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی حکومتی احکامات اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 152 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم، لوئر جہلم نہر، لنگر والا پل اور دیگر حساس مقامات سمیت مجموعی طور پر 22 مقامات پر خصوصی کارروائیاں کی گئیں، جہاں نگرانی اور گشت کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کے دوران نہروں، دریاؤں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے، کشتی رانی اور غیر مجاز تفریحی سرگرمیوں پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے، جس کا مقصد انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔