عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں تین روز کے وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے سرمایہ کاروں کی توجہ دوبارہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 111 ڈالر کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت بڑھ کر 4,666 ڈالر تک پہنچ گئی۔
عالمی سطح پر ہونے والے اس اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر دیکھے گئے، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 11,100 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 88 ہزار 962 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام سونا 9,517 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 19 ہزار 206 روپے تک جا پہنچا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی تولہ چاندی 223 روپے اضافے کے بعد 8,072 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 191 روپے بڑھ کر 6,920 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی قیمتوں پر پڑتا ہے، جس کے باعث قلیل عرصے میں بھی بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔