کراچی: کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول میتھ کے لیک ہونے والے پرچے کو منسوخ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے امیدواروں سے دوبارہ امتحان 9 جون 2026 کو لیا جائے گا۔
کیمبرج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صرف انہی علاقوں کے طلبہ دوبارہ امتحان دیں گے جہاں پرچہ لیک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ ادارے نے واضح کیا کہ منسوخ شدہ پیپر کسی بھی طالب علم کے حتمی نتائج کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دوبارہ امتحان کے لیے طلبہ یا سکولوں سے کسی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ متاثرہ امیدوار بغیر کسی اضافی اخراجات کے امتحان میں شریک ہو سکیں گے۔
کیمبرج حکام کے مطابق پرچہ لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات سامنے لائی جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
ادارے نے یہ بھی بتایا کہ نتائج کے اعلان کی تاریخ 11 اگست 2026 برقرار رہے گی، جبکہ سکولوں کو 15 مئی تک مزید تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ انتظامی امور میں آسانی رہے۔
کیمبرج کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امتحانی نظام کی شفافیت اور تمام امیدواروں کے لیے یکساں مواقع یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی طالب علم کو غیر منصفانہ صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔