محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند علاقوں میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ گزشتہ روز پیر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور مٹھی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں کراچی، سکھر، سبی، لسبیلہ اور ٹھٹھہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں 37، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 34 جبکہ پشاور میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔ ادھر پنجاب کے مختلف علاقوں جن میں لاہور، شیخوپورہ، پاکپتن، فیصل آباد، گجرات اور وہاڑی شامل ہیں، میں بارش اور ژالہ باری بھی دیکھنے میں آئی۔ اسی طرح خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے متعدد اضلاع میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔