کیمبرج امتحانی پیپر لیک معاملہ: طلبہ کیلئے بڑا فیصلہ، نتائج کی تاریخ برقرار
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے لیول اور اے ایس لیول امتحانات کے بعض پیپرز کے مبینہ لیک ہونے کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت متاثرہ طلبہ کے لیے “اسسڈڈ مارکس” کا نظام استعمال کیا جائے گا۔
میتھمیٹکس کا امتحان دوبارہ ہوگا
کیمبرج کے مطابق اے لیول میتھمیٹکس پیپر 32 (9709) کو احتیاطی اقدام کے طور پر ملتوی کیا گیا تھا، جسے اب 8 جون 2026 کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔ تاہم طلبہ کے نتائج کی تاریخ 11 اگست ہی برقرار رکھی گئی ہے۔
کن پیپرز کے لیک ہونے کی تصدیق ہوئی؟
انتظامیہ کے مطابق اے ایس اور اے لیول میتھمیٹکس پیپر 52 (9709/52) کو زون 3 اور 4 میں امتحان سے قبل غیر قانونی طور پر شیئر کیا گیا۔
اس کے علاوہ اے ایس لیول کمپیوٹر سائنس پیپر 12 (9618/12) بھی پاکستان میں امتحان سے پہلے لیک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
کیمبرج نے واضح کیا کہ لیک شدہ مواد پاکستان میں گردش کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ لیک کا اصل ذریعہ بھی پاکستان ہی تھا، جبکہ تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
“اسسڈڈ مارکس” کیا ہوتے ہیں؟
کیمبرج کے مطابق “اسسڈڈ مارکس” ایک تسلیم شدہ اور تحقیق شدہ نظام ہے، جسے برطانیہ سمیت کئی بین الاقوامی امتحانی بورڈز استعمال کرتے ہیں۔
اس طریقہ کار کے تحت طلبہ کی مجموعی کارکردگی، دیگر پیپرز اور دستیاب تعلیمی شواہد کی بنیاد پر نمبر دیے جاتے ہیں تاکہ ایماندار طلبہ کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
کیمبرج کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیاں ایسے نتائج کو مکمل طور پر قبول کرتی ہیں۔
طلبہ کیلئے اہم ہدایت
کیمبرج انتظامیہ نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط معلومات، جعلی لیکس اور اسکیمز سے محتاط رہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ امتحانی نظام کو محفوظ بنانے کیلئے سخت سیکیورٹی پروٹوکول ہر مرحلے پر نافذ کیے جاتے ہیں، تاہم دنیا بھر کے تمام بورڈز کو ایسے چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔
طلبہ اور والدین میں تشویش
اس معاملے کے بعد پاکستان سمیت مختلف ممالک کے طلبہ اور والدین میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی امتحانی شفافیت اور تعلیمی نظام کی سیکیورٹی پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔