قطر نے آخری لمحات میں میچ بچا لیا، برازیل اور مراکش بھی برابر، اسکاٹ لینڈ کامیاب
فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے تیسرے روز شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، جہاں قطر نے آخری لمحات میں گول کر کے سوئٹزرلینڈ کے خلاف شکست سے بچاؤ کر لیا، جبکہ برازیل اور مراکش کے درمیان سخت مقابلہ بھی برابری پر ختم ہوا۔ دن کے تیسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کو شکست دے کر اہم کامیابی اپنے نام کر لی۔
سان فرانسسکو میں کھیلے گئے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے پہلے ہاف میں پنالٹی کک پر گول کر کے برتری حاصل کی اور طویل عرصے تک یہ برتری برقرار رکھی۔ تاہم قطر نے ہمت نہ ہاری اور دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں شاندار گول کر کے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
قطر کے گول کے فوراً بعد ریفری نے اختتامی سیٹی بجا دی، یوں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ یہ نتیجہ قطری ٹیم کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، جس نے بڑے عالمی مقابلے میں قیمتی پوائنٹ حاصل کیا۔
تیسرے روز کے دوسرے میچ میں برازیل اور مراکش کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں ایک، ایک گول اسکور کیا، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی جارحانہ کھیل جاری رہا، تاہم کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی اور میچ برابری پر ختم ہوا۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کے خلاف محتاط مگر مؤثر حکمت عملی اپنائی۔ اسکاٹش ٹیم نے پہلے ہاف میں کیا گیا واحد گول آخر تک برقرار رکھا اور صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کر کے تین اہم پوائنٹس سمیٹ لیے۔