فیفا ورلڈ کپ 2026 کا رنگا رنگ آغاز، میکسیکو اور جنوبی افریقا افتتاحی میچ میں مدمقابل
میکسیکو سٹی: فٹبال کے سب سے بڑے عالمی میلے، فیفا ورلڈ کپ 2026، کا شاندار آغاز میکسیکو میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہو گیا، جہاں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائیجیرین موسیقار برنا بوائے کی پرفارمنس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
افتتاحی تقریب میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں روایتی میکسکن رقص اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے دنیا بھر سے آئے شائقین کا خیرمقدم کیا گیا۔
تقریب کے دوران شکیرا اور برنا بوائے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل نغمہ "Dai Dai" پیش کیا، جسے حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔ اس کے علاوہ میکسکن بینڈ مانا، وینزویلا کے گلوکار ڈینی اوشین اور کولمبیا کے معروف فنکار جے بالوین نے بھی اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
افتتاحی تقریب کے بعد ورلڈ کپ کا پہلا میچ میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جس پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی مشترکہ طور پر میکسیکو، امریکا اور کینیڈا کر رہے ہیں۔ دونوں دیگر میزبان ممالک میں بھی اپنے اپنے افتتاحی میچوں سے قبل خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
دوسری جانب افتتاحی تقریب سے قبل ازٹیکا اسٹیڈیم کے اطراف سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں ایسے افراد کے اہل خانہ شامل تھے جو مبینہ طور پر لاپتا، اغوا یا قتل کیے گئے افراد کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔
حکام نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے اسٹیڈیم کے گرد تقریباً 1.6 کلومیٹر کا حفاظتی حصار قائم کیا۔ پولیس کے مطابق پُرامن احتجاج کی اجازت دی گئی، تاہم اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹکٹ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر میں فٹبال کا بخار چڑھ گیا ہے اور آئندہ چند ہفتوں تک کروڑوں شائقین کی نظریں اس عالمی ایونٹ پر مرکوز رہیں گی۔