ریاض: سعودی عرب میں محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر آنے کے بعد نئے اسلامی سال کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے چاند کی رویت کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں یکم محرم الحرام 1448 ہجری بروز منگل 16 جون 2026 کو ہوگی۔
چاند نظر آنے کے بعد نئے ہجری سال کے آغاز کا اعلان کیا گیا، جس کے ساتھ ہی سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے نئے اسلامی سال کا استقبال عقیدت و احترام کے ساتھ کرنا شروع کر دیا ہے۔
محرم الحرام اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے اور اسے اسلام کے چار مقدس مہینوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس مہینے کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے اور مسلمان اس دوران عبادات، دعاؤں اور مذہبی سرگرمیوں کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔
سعودی عرب میں رویت ہلال کے اعلان کے بعد مختلف اسلامی ممالک میں بھی محرم الحرام کے چاند کی رویت کے لیے اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ کئی ممالک میں نئے ہجری سال اور یوم عاشور کی تاریخوں کا تعین مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے فیصلوں کے مطابق کیا جائے گا۔
نئے ہجری سال کے آغاز پر مسلم دنیا میں امن، استحکام اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔