جاپان کا ننھا بندر ’پنچ‘ اور حیران کن واقعہ
جاپان کے شہر اچیکاوا کے چڑیا گھر میں مشہور ننھے بندر ’پَنچ‘ کے احاطے میں داخل ہونے پر 2 امریکی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 24 سالہ ریڈ جاہنائی ڈیسن باڑ پھلانگ کر بندروں کے احاطے میں داخل ہوا جبکہ 27 سالہ نیل جاباہری ڈوان اس واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نیلے سوٹ اور ایموجی ماسک میں ملبوس تھا اور اس کے ہاتھ میں کھلونا بھی تھا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے دونوں کو وقت پر روک لیا۔
چڑیا گھر انتظامیہ نے واقعے کے بعد پولیس میں رپورٹ درج کرائی اور مستقبل میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا اعلان کیا۔
دونوں امریکی شہریوں پر کاروباری امور میں رکاوٹ ڈالنے کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے، تاہم انہوں نے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔