ڈھاکا: امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران دنیا بھر میں فٹبال کا جنون اپنے عروج پر ہے، جبکہ بنگلادیش سے سامنے آنے والی ایک منفرد ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک فٹبال مداح اپنی پالتو بھیڑ کو ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کے مشہور نیلے اور سفید رنگوں میں رنگ کر سڑک پر گھماتا دکھائی دیتا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص ہاتھ میں رسی پکڑے سکون سے چل رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ بندھی بھیڑ کی اون کو اس انداز سے نیلے اور سفید رنگوں میں رنگا گیا ہے کہ وہ دور سے ارجنٹائن کی قومی ٹیم کی جرسی جیسی دکھائی دیتی ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں "ارجنٹائن آگے بڑھو" لکھا گیا، جس کے بعد یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔
فٹبال شائقین نے اس منفرد انداز پر دلچسپ تبصرے کیے۔ بعض صارفین نے لکھا کہ لیونل میسی کی مقبولیت اب انسانوں سے آگے بڑھ کر جانوروں تک بھی پہنچ گئی ہے، جبکہ کچھ نے اسے ورلڈ کپ کے جذبے کا منفرد اظہار قرار دیا۔
تاہم جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد اور متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھیڑ کو عام یا کیمیکل والے رنگوں سے رنگا گیا ہے تو یہ اس کی جلد، اون اور صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جانوروں پر کسی بھی قسم کے رنگ یا کیمیکل استعمال کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ وہ غیر زہریلے اور جانوروں کے لیے محفوظ ہوں، ورنہ اس سے جلدی الرجی، انفیکشن یا دیگر طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ورلڈ کپ کے دوران مختلف ممالک میں شائقین اپنے پسندیدہ ممالک اور کھلاڑیوں کی حمایت کے لیے نت نئے انداز اپناتے ہیں، تاہم جانوروں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دی جانی چاہیے۔