جمعہ کو بنائیں مزیدار بیف پنیر بریانی اور روایتی کھیر
بیف پنیر بریانی
مزے دار بریانی اور خوش ذائقہ کھیر ہمارے خطے کی مقبول ترین ڈشز میں شمار ہوتی ہیں۔ یہ نہ صرف کھانے کے شوقین افراد کی پسندیدہ غذا ہیں بلکہ برصغیر کی ثقافت اور روایات کی خوبصورت عکاسی بھی کرتی ہیں۔
شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں یہ پکوان خصوصی طور پر تیار کیے جاتے ہیں، جو اجتماعی میل جول اور اپنائیت کو فروغ دیتے ہیں۔
بیف پنیر بریانی کے اجزاء
کاٹیج پنیر 250 گرام، میدہ چار کھانے کے چمچ، خوردنی تیل ایک پاؤ، بیف کے پسندے آدھا کلو، دہی آدھا پاؤ، لونگ 6 عدد، الائچی 6 عدد، زعفران ایسنس چند قطرے، پیاز ایک عدد، لہسن اور ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ، گھی آدھا کپ اور چاول آدھا کلو۔
بیف پنیر بریانی کی ترکیب
سب سے پہلے کاٹیج پنیر کو چھوٹے کیوبز میں کاٹ لیں۔ میدہ اور پانی ملا کر بیٹر تیار کریں اور پنیر کو اس میں ڈِپ کرکے ڈیپ فرائی کریں۔ ہلکا سنہری ہونے پر نکال کر رکھ دیں۔
بیف کو کیوبز میں کاٹ کر پانی اور نمک کے ساتھ ابال لیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی خشک ہو جائے تو اتار لیں۔
چاول ابال کر ایک کنی رہ جانے پر چھان لیں۔
اب گوشت میں دہی، فرائی کیا ہوا پنیر، لونگ، الائچی، زعفران ایسنس، پیاز، لہسن، ادرک اور نمک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔
دیگچی میں چاول اور مصالحے کی تہیں لگائیں، آخر میں گرم گھی ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ مزیدار بیف پنیر بریانی تیار ہے۔
روایتی کھیر
کھیر کے اجزاء
دودھ ایک لیٹر، کنڈینسڈ ملک دو کھانے کے چمچ، ابلے ہوئے چاول آدھا کلو، الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، پستہ ایک کھانے کا چمچ، بادام ایک کھانے کا چمچ، کشمش ایک کھانے کا چمچ اور چھوہارے دو عدد۔
کھیر بنانے کی ترکیب
دودھ ابالیں اور اس میں کنڈینسڈ ملک شامل کریں۔ اچھی طرح مکس کریں۔
اب ابلے ہوئے چاول ڈال کر مسلسل ہلاتے رہیں یہاں تک کہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے۔
الائچی پاؤڈر شامل کریں اور مکس کریں۔ آخر میں پستہ، بادام، کشمش اور چھوہارے ڈال کر کچھ دیر پکائیں۔
مزیدار کھیر تیار ہے، جسے ٹھنڈا کرکے پیش کیا جا سکتا ہے۔