محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے وسطی اور بالائی اضلاع میں کل سے 11 مئی تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف شہروں میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں شدید دھوپ اور گرم ہواؤں کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اسی لیے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، جبکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو بھی موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔
ادھر کراچی میں اگلے تین روز تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ اگرچہ سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، تاہم ہوا میں نمی کے زیادہ تناسب کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ نمی کا تناسب 55 سے 85 فیصد تک جا سکتا ہے، جس سے حبس میں اضافہ متوقع ہے۔