کیا آپ صحت کیلئے فائبر کے حیرت انگیز فوائد جانتے ہیں؟
ماہرینِ صحت کے مطابق فائبر انسانی جسم کیلئے نہایت اہم غذائی جز ہے جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے سے لے کر وزن کنٹرول رکھنے اور دل کی صحت بہتر بنانے تک کئی فوائد فراہم کرتا ہے۔
فائبر جسم کیلئے کیوں ضروری ہے؟
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فائبر آنتوں کی حرکت کو منظم رکھتا ہے اور قبض جیسے مسائل سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔ یہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور کھانے کو جسم میں متوازن انداز میں ہضم ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ فائبر کھانے کے بعد دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس پیدا کرتا ہے، جس سے زیادہ کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے اور وزن متوازن رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
ذیابیطس اور دل کے مریضوں کیلئے بھی مفید
ماہرین کے مطابق فائبر خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اسی لیے ذیابیطس کے مریضوں کیلئے فائبر سے بھرپور غذا انتہائی مفید سمجھی جاتی ہے۔
فائبر کولیسٹرول کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرات میں کمی آسکتی ہے۔
کینسر سے بچاؤ میں ممکنہ مدد
تحقیقی رپورٹس کے مطابق فائبر سے بھرپور غذا آنتوں اور چھاتی کے بعض اقسام کے کینسر کے خطرات کم کرنے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے، اگرچہ اس حوالے سے مزید تحقیق جاری ہے۔
روزانہ کتنی مقدار ضروری ہے؟
ماہرین کے مطابق بالغ افراد کو روزانہ تقریباً 25 سے 30 گرام فائبر استعمال کرنا چاہیے، تاہم یہ مقدار عمر، جنس اور صحت کی صورتحال کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔
فائبر کن غذاؤں میں پایا جاتا ہے؟
فائبر سے بھرپور غذاؤں میں پھل، سبزیاں، دالیں، ثابت اناج، گری دار میوے اور بیج شامل ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ پھل اور سبزیاں چھلکے سمیت کھائی جائیں جبکہ ناشتے میں دلیا، براؤن بریڈ یا گندم کی روٹی شامل کی جائے۔