سیب دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پھلوں میں سے ایک ہے، جس کی مختلف اقسام نہ صرف ذائقے میں منفرد ہیں بلکہ صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتی ہیں۔
اسے روزمرہ خوراک، جوسز اور مختلف کھانوں کا حصہ بھی بنایا جاتا ہے، مگر اہم سوال یہ ہے کہ کیا واقعی یہ کسی دائمی بیماری پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے؟
تحقیقی شواہد کے مطابق تازہ پھلوں اور سبزیوں کا باقاعدہ استعمال خاص طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کی صحت میں بہتری لا سکتا ہے اور بلڈ شوگر کو بہتر طور پر کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔
جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض روزانہ ایک سیب یا دیگر پھلوں اور سبزیوں کی اضافی مقدار استعمال کریں تو اس سے نہ صرف جسمانی وزن میں کمی دیکھی گئی بلکہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی کم ہوئی۔
آسٹریلیا کے جارج انسٹیٹیوٹ کے محققین کے مطابق متوازن غذا صحت مند زندگی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے، تاہم زیادہ تر افراد روزانہ مطلوبہ مقدار میں پھل اور سبزیاں استعمال نہیں کرتے۔
اس تحقیق میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے 50 مریض شامل کیے گئے جنہیں 12 ہفتوں تک صحت بخش غذا فراہم کی گئی۔
نتائج میں دیکھا گیا کہ اس مدت کے دوران ان افراد کے بلڈ کولیسٹرول، جسمانی وزن اور مجموعی صحت کے اشاریوں میں واضح بہتری آئی۔
محققین کا کہنا ہے کہ نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ متوازن اور صحت بخش غذا ذیابیطس کے مریضوں کی حالت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تحقیق کو بڑے پیمانے پر دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ ان فوائد کی مزید تصدیق کی جا سکے۔