فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل ارجنٹائن میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی مہم نے فٹبال شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ ایک مقامی الیکٹرانکس کمپنی نے ان افراد کو مفت ٹی وی دینے کا اعلان کیا ہے جو ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم کی حمایت کے لیے امریکا جانا چاہتے تھے لیکن امریکی ویزا حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کی معروف کمپنی نیوزین (Newsan) نے اپنے مقبول الیکٹرانکس برانڈ نوبلیکس (Noblex) کے تحت 100 مفت ٹیلی ویژن سیٹ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزاروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ جنوری سے جون 2026 کے درمیان امریکا کے ویزے کے لیے دی گئی ان کی درخواست مسترد ہوئی تھی۔ اس مقصد کے لیے انہیں بیونس آئرس میں کمپنی کے دفتر جا کر متعلقہ دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔
نوبلیکس نے سوشل میڈیا پر اس مہم کا اعلان ایک منفرد انداز میں کیا۔ کمپنی نے اپنے پیغام میں کہا:
"اپنا مسترد شدہ ویزا دکھائیں اور مفت ٹی وی حاصل کریں۔"
یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے شائقین میں جوش و خروش عروج پر ہے۔ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر اس عالمی ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں، جس کے باعث دنیا بھر سے لاکھوں شائقین میزبان ممالک کا رخ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ارجنٹائن کی قومی ٹیم بھی شاندار فارم میں ہے۔ فیفا کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں ارجنٹائن جولائی 2025 کے بعد پہلی بار دوبارہ نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، جس سے شائقین کے جوش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
مفت ٹی وی حاصل کرنے والوں میں 24 سالہ پروفیشنل اسپورٹس پلیئر ٹامس واگلر بھی شامل ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کر پانے پر مایوس ہیں، لیکن کمپنی کی جانب سے ملنے والا یہ تحفہ ان کے لیے کسی خوشگوار سرپرائز سے کم نہیں۔
فٹبال شائقین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس پیشکش سے ورلڈ کپ کا سفر تو ممکن نہیں ہوگا، لیکن کم از کم وہ اپنی ٹیم کے میچز بڑی اسکرین پر گھر بیٹھے دیکھ سکیں گے۔