امریکا کے معروف ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ رش نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کر دیا، لیکن اس مرتبہ ان کے ساتھ ایک ایسا دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے ان کی کامیابی کا مزہ کچھ پھیکا کر دیا۔
ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش، جو سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام رکھنے کے لیے مشہور ہیں، نے جلتی ہوئی تین مشعلوں کے ساتھ مسلسل 6 منٹ اور 25 سیکنڈ تک جگلنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
یہ خطرناک کرتب انہوں نے اپنے بیٹے کی فٹ بال پریکٹس کے اختتام پر ایک مقامی پارک میں انجام دیا، جہاں انہوں نے شعلوں سے لپٹی مشعلوں کو ہوا میں اچھالتے ہوئے سابقہ عالمی ریکارڈ 5 منٹ 2 سیکنڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تاہم کہانی یہاں ختم نہیں ہوئی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ویڈیو شواہد کی جانچ اور تصدیق کے عمل میں کافی وقت لگ گیا۔ اس دوران اوہائیو سے تعلق رکھنے والے اَرنو راٹھی نے آگ کی مشعلوں کے ساتھ 7 منٹ اور 20 سیکنڈ تک جگلنگ کر کے ڈیوڈ رش کا نیا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
یوں ڈیوڈ رش کا ریکارڈ باضابطہ طور پر تسلیم تو کر لیا گیا، لیکن تصدیق کے وقت تک وہ دنیا کا موجودہ ریکارڈ نہیں رہا تھا۔
اس دلچسپ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے ڈیوڈ رش نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ انداز میں لکھا:
"میرا خیال ہے کہ مجھے بہت جلد یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنا پڑے گا۔"
ریکارڈز کے شوقین افراد کے مطابق ڈیوڈ رش کا حوصلہ اور مستقل مزاجی ہی انہیں دنیا کے کامیاب ترین ریکارڈ ہولڈرز میں شامل کرتی ہے، اور امکان ہے کہ وہ جلد ہی اس اعزاز کو واپس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔